بھارتی یوم جمہوریہ‘کشمیریوں نے یوم سیاہ کے طور پر منایا پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظاہرے‘یواین کویادداشت پیش

اسلام آبا د میں  بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے آل پارٹیز حریت کانفرنس کا احتجاجی مظاہرہ ‘ کشمیری مرد و خواتین اور بچوں سمیت عوام کی بڑی تعداد کی شرکت‘  مظفرآباد میں  اقوام متحدہ کے دفتر تک ریلی  

  مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتا ل سے نظام زندگی مفلوج ہوکررہ گیا  ،وادی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات ،فوجی چھائونی میں بدل دیا گیا ‘بھارت  پر دہشت گردی کا مقدمہ چلایا جائے: وزیراعظم آزاد کشمیر
 مظفرآباد،سرینگر،اسلام آباد (آئی این پی )کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور پاکستان  سمیت  دنیا بھرمیں کشمیری عوام نے 26جنوری    بھارت کے یوم جمہوریہ کو     یوم سیاہ کے طورپر منا یا ،  کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل  پرمقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال  رہی  جس سے نظام زندگی مفلوج ہوکررہ گیا ،  قابض فوج نے وادی کی اہم سڑکوں اور شاہراہوں پر اضافی چیک پوسٹیں قائم کر دیں، بڑی تعداد میں فورسز کے اہلکار تعینات کردیئے گئے اور وادی کو  فوجی چھائونی میں بدل دیا گیا  تھا۔آزاد کشمیر  ،پاکستان کے چاروں صوبوں  سمیت دنیا کے مختلف ممالک  میں  جلسے جلوسوں ریلیاں اور  احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے   اور سیکرٹری جنرل اونتیو گوتریس کے نام  آٹھ لاکھ بھارتی قابض افواج کی بدترین دہشت گردی لا قانونیت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف یادداشتیں پیش کی گئیں۔تفصیل کے مطابق بھارتی یوم جمہوریہ کے خلاف کشمیری عوام نے  یوم سیاہ منا  یا ۔اسلام آبا د میں  بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے آل پارٹیز حریت کانفرنس نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاج میں کشمیری مرد و خواتین اور بچوں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بازو پر سیاہ پٹیاں اور ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے تھام رکھے تھے۔کشمیری مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت جمہوری نہیں بلکہ ایک فاشسٹ ملک ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تمام انسانی سلوک صلب کر رکھے ہیں، بھارت کا جمہوریت کا راگ الاپنا دوہرے معیار کا ثبوت ہے۔مظاہرین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اقلیتوں اور کشمیریوں سے زندہ ہونے کا حق بھی چھین رکھا ہے، بھارت سیکولر نہیں بلکہ اس وقت ہندتوا کی سوچ پر چل رہا ہے، بھارت نے خواتین سمیت کشمیری قیادت کو کئی سالوں سے پابند سلاسل رکھا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کو قتل عام کا لائسنس دے رکھا ہے۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بھارت دہشت گرد ریاست ہے لہذا دنیا بھارتی ریاست پر دہشت گردی کا مقدمہ چلائے، بھارت نے کشمیر نہیں بھارت میں اقلیتوں کو بھی ذبح کیا اسکے باوجود بھارت کو یوم جمہوریہ مناتے ہوئے شرم آنی چاہیے