تحریک آزادی کشمیر کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی
مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال رہی، کاروبارزندگی مفلوج ہوکر رہ گیا‘دنیا بھر میں بھی مظاہرے
اسلام آباد،مظفر آباد،سرینگر(آئی این پی )بھارت کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے 6 سال مکمل ہوگئے،کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں یوم استحصال کشمیر بھرپور انداز میں منایا گیا جبکہ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے اس موقع پر یوم سیاہ منایا ،مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال سے کاروبارزندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ۔ مودی سرکار کے مکروہ منصوبے کو بے نقاب اور مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان بھر میں ریلیوں، سیمینارز، تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک یوم استحصال کشمیر ریلی نکالی گئی، جس میں سینئر حکام اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر تحریک آزادی کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ڈی چوک پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔اس موقع پر صدر مملکت ،وزیر اعظم اور وفاقی وزار اور دیگر سیاسی ، شخصیات اور عسکری قیادت کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے طورپر خصوصی پیغامات جاری کئے گئے ۔اخبارات میں خصوصی ضمیمے شائع ہوئے اور الیکٹرانک میڈیا پر پروگرام نشر کئے گئے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے یوم استحصال کویوم سیاہ کے طورپر منانے کی اپیل کی گئی تھی ۔