عمران نے کہا جے آئی ٹی سانحہ 26 نومبر کی تحقیقات کرے ، علیمہ خان

سنائپر سے لوگوں کو شہیدکیا گیا،مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو جمعہ سے سول نافرمانی کا آغاز ہوگا 
 راولپنڈی (خصوصی رپورٹ)بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے دو مطالبات رکھے ہیں، سپریم کورٹ کے ججز کی نگرانی میں جے آئی ٹی بنائی جائے، جو 9 مئی اور 26 نومبر کے سانحات کی تحقیقات کرے اور تمام گرفتار لوگ رہا کئے جائیں، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو جمعہ سے سول نافرمانی کا آغاز کرینگے اوورسیزپاکستانیوں کو بھی کال دی جائے گی۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر موجود میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ پچھلے دو اڑھائی سال سیپاکستان ریاستی دہشتگردی کا شکار ہے۔ 9 مئی جنہوں نے کرایا انھوں نے سی سی ٹی وی چوری کی، 16 لوگوں کو سنائپر سے شہید کیا گیا، لوگوں کو ڈرایا گھروں کو توڑا گیا خواتین کے ساتھ وہ کیا جو پہلے نہیں ہوا، لوگوں نے ووٹ دیا انھوں نے چوری کیا، لوگ بھیڑ بکریاں بننے سے انکار کریں گے تو ظلم کا نظام ختم ہوجائے گا، 26 نومبر کو سنائپر سے لوگوں کو شہید کیا گیا، پوری جناح ایونیو پر جو آپریشن ہوا اس میں ڈیڑھ سو لوگ مسنگ ہیں۔ جمعہ تک مطالبات نہ مانے گئے تو سب سے پہلے اوورسیز پاکستانیز سے کہیں گے کہ یہاں پیسے نہ بھیجیں، اوورسیز پاکستانیز اربوں ڈالر دیتے ہیں اور انہی کو یہ لوگ دھمکی دیتے ہیں، جب وہ باہر آواز اٹھاتے ہیں تو ان کے پاکستان کے گھروں کو تباہ کر دیا جاتا ہے۔ جمعہ تک مطالبات نہ مانے گئے تو اوورسیز پاکستانیوں کو کال چلی جائے گی کہ وہ پیسہ نہ بھیجیں، اب مشکلات ہوں گی تو حکومت نہیں چل سکے گی، اگر مذاکرات کیلئے اسٹیبلشمنٹ آفر دیتی ہے تو مذاکراتی کمیٹی ان سے مذاکرات کرے گی۔