لاہور: پسندکی شادی کرنیوالاجوڑا غیرت کے نام پرقتل

نامعلوم افراد نے فلیٹ میں گھس کر اظہار اور بینش کو بدترین تشددکا نشانہ بنانے کے بعد شہ رگ کاٹ کر قتل کر دیا
مقتولین کاتعلق گلگت سے ، چند ماہ قبل پسند کی شادی کرکے چندرائے روڈپر فلیٹ میں کرائے پر رہائش پذیر تھے
لاہور(کرائم رپورٹر) کوٹ لکھپت کے علاقے میں غیرت کے نام پرپسند کی شادی کرنے والا جوڑا قتل ، پولیس نے لاشیں ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کر لیے اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقے میں نامعلوم افراد نے چندرائے روڈ پر واقع فلیٹ میں گھس کرمیاں بیوی اظہار اور بینش کو بدترین تشددکا نشانہ بنانے کے بعد شہ رگ کاٹ کر قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے لاشیں ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے پورستمارٹم کے لیے منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتولین کی شناخت 22 سالہ اظہار اور 19 سالہ بینش بی بی کے نام سے ہوئی دونوں کاتعلق گلگت سے ہے اور چند ماہ قبل پسند کی شادی کرکے لاہور میں اپنے ماموں  کے قریب واقعہ فلیٹ میں کرائے پر رہائش پذیر تھے۔ بظاہر دنوں کا قتل غیرت کے نام پر معلوم ہوتا ہے۔ جائے وقوعہ سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا جس سے ملنے والے فنگر پرنٹس کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے ۔