صوبائی وزیر توانائی کا گیس لوڈشیڈنگ اور لوپریشر کا نوٹس، سیکرٹری توانائی کو وفاق کو خط ارسال کرنے کی ہدایت
کراچی (آئی این پی ) وزیر توانائی سندھ ناصر شاہ نے گیس کی لوڈشیڈنگ اور لوپریشر کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری توانائی کو وفاق کو خط لکھنے کی ہدایت کردی۔اپنے بیان میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ سب سے زیادہ قدرتی گیس پیدا کرنے والا صوبہ ہے، اس کے باوجود سندھ کے عوام گیس سے محروم ہیں، موسم سرما کے شروع ہوتے ہی گیس کی لوڈشیڈنگ کا آغاز کردیا گیا، بچے بغیر ناشتے کے سکول جانے پر مجبور ہیں۔ناصر شاہ نے کہا کہ آرٹیکل 158کے تحت گیس کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے، جس صوبے میں سب سے زیادہ گیس پیدا ہوتی ہے پہلا حق اس صوبے کا ہوتا ہے، اوگرا میں سندھ کو نماندگی دی جائے، صدر اور وزیر اعظم گیس کی بندش کا فوری نوٹس لیں۔