سردی میں16 گھنٹے گیس لوڈ شیڈنگ

 گھریلوصارفین کو صرف 8گھنٹے گیس ملے گی،پلان تیار:ایل پی جی 650 روپے کلو تک پہنچ گئی
اسلام آباد (بیورو رپورٹ ، خصوصی رپورٹ ) گرمیوں میں بجلی کے بعد اب سردیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ ہوگی اور صارفین کو مسلسل گیس دستیاب نہیں ہوگی جبکہ ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کنکشن والے صارفین کو مختلف اوقات میں صرف 8 گھنٹے گیس دستیاب ہوگی۔ صبح ناشتے کے وقت، دوپہر اور رات کا کھانا بنانے کیلئے گیس فراہم کی جائے گی اور دونوں گیس کمپنیاں اپنے شیڈول کے مطابق فراہم کریں گی۔ صارفین گیس ہیٹر اور گیزر ہر وقت استعمال نہیں کر سکیں گے، وزارت پٹرولیم نے گیس کی ضروریات ، فراہمی اور ایل این جی کی دستیابی سے متعلق اپنا کام مکمل کرلیا ہے جس کی پریذنٹیشن جلد وزیراعظم کو دی جائے گی ، وزارت پٹرولیم کے حکام نے وفاقی وزیر علی پرویز ملک کو تمام تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی نے کام مکمل کرلیا ہے۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ جاری ،لاہور،اسلام آباد، راولپنڈی ،پشاور سمیت مختلف علاقوں میں ایل پی جی 600 سے 650روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ، گھریلو سلنڈر کی قیمت بھی 6ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ،صارفین پریشانی کا شکار ہو کر رہ گئے۔ اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی فی کلو مقررہ قیمت 280 روپے ہے لیکن اس کے باوجود ملک کے مختلف شہروں میں ایل پی جی کی من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں، راولپنڈی و اسلام آباد میں 600 روپے ،لاہور کے مختلف علاقوں میں 550سے 650روپے ، پشاور میں 650 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔ پختونخوا میں گھریلو سلنڈر کی قیمت بھی 6 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی تاہم کو ئٹہ میں ایل پی جی 30 روپے کمی کے بعد 520 روپے ، کراچی میں 50 روپے کمی کے بعد 500 روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے جبکہ لاہور میں دوسرے روز بھی ایل پی جی کیدکانداروں کی ہڑتال کے باعث دکانیں بند رہیں۔دکانداروں کا موقف ہے کہ حکومت پلانٹس سے سرکاری قیمت کے مطابق دستیابی یقینی بنائے ہم اپنا مناسب منافع رکھ کر فرو خت کرنے کیلئے تیار ہیں۔