برطانوی وزیر اعظم نے حکومتی پیشرفت کے تعین کیلئے چھ اہداف مقرر کر دئیے

اگلے پانچ سالوں میں 15لاکھ نئے گھر تعمیر ، 150بڑے اقتصادی منصوبوں کی تیزی سی اجازت دی جائیگی 
 لندن(آئی این پی )برطانیہ کے وزیر اعظم سر کئیر اسٹارمر نے حکومتی پیشرفت کے تعین کیلئے چھ اہداف مقرر کر دئیے۔انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے اور وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے 5 ماہ بعد کئیر اسٹارمر نے اپنی حکومت کیلئے واضح اہداف مقرر کیے ہیں جن سے متعلق وہ سمجھتے ہیں کہ ان اہداف کے معیار پر ووٹر ان کی حکومتی کارکردگی اور کامیابی کو پرکھ سکیں گے۔برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کئیر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ووٹرز سے کیے گئے وعدوں کے تحت شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کا آغاز کر رہے ہیں۔برطانوی وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ اہداف کے تحت اگلے پانچ سالوں میں انگلینڈ میں 15 لاکھ نئے گھر تعمیر کیے جائیں گے اور کم از کم 150 بڑے اقتصادی منصوبوں کی تیزی سی اجازت دی جائے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں نیشنل ہیلتھ سروس کے مریض علاج کیلئے 18 ہفتوں سے زیادہ انتظار نہیں کریں گے۔وزیراعظم کے اہداف کے تحت شاہراہوں کو محفوظ بنانے کیلئے انگلینڈ اور ویلز میں 13 ہزار اضافی پولیس افسران، پی سی ایس اوز اور اسپیشل کانسٹیبل بھرتی کیے جائیں گے۔