شہر میں موسم گرم اور جزوی طور پر ابرآلود ہے، جہاں سورج کی تیز کرنیں جاری ہیں اور بعض علاقوں میں بادل بھی چھائے ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، اور آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 62 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، اور ہوائیں 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق، لاہور میں آج سے 5 ستمبر تک بارش کا امکان ہے، جس کے باعث موسم میں تبدیلی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ، مون سون اور مغربی ہواؤں کے سلسلے کے اثرات سے ملک کے بالائی علاقوں، خیبر پختونخوا، پنجاب اور کشمیر میں 6 ستمبر تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔موسمیاتی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ 31 اگست سے شروع ہونے والا مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا، جو 5 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر کے مختلف علاقوں، جن میں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور شامل ہیں، میں 28 اگست سے 6 ستمبر تک وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، لاہور اور سیالکوٹ کے علاوہ وسطی اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارش کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع، جن میں پشاور، سوات، دیر اور چترال شامل ہیں، میں بھی 29 اگست سے 5 ستمبر کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان کے دیامر، استور، سکردو اور ہنزہ میں بھی 30 اگست سے 6 ستمبر تک موسلا دھار بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے سبب اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور مردان سمیت بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، جب کہ پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بھی موجود ہیں۔ شہریوں کو موسمی حالات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔