نواں کوٹ پولیس نے تین گمشدہ بھائی بحفاظت والد کے سپرد کر دئیے

ٹیوشن ٹیچر کے خوف سے پارک جانے والے بچے دو کلومیٹر دور سے بازیاب ہوئے
لاہور (کرائم رپورٹر) اقبال ٹا ئون ڈویڑن کی نواں کوٹ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین گمشدہ بھائیوں کو بحفاظت تلاش کرکے والد کے سپرد کر دیا۔ پولیس کے مطابق 10 سالہ عبدالہادی، 7 سالہ عبدالقادر اور 5 سالہ عبدالغنی گھر سے ٹیوشن پڑھنے کے لیے نکلے تھے، تاہم واپس نہ آنے پر والد محمد انیس نے پولیس کو اطلاع دی۔ نواں کوٹ پولیس نے ہیومن ریسورس کی مدد سے بچوں کو گھر سے تقریباً دو کلومیٹر دور ایک نجی پارک سے ڈھونڈ لیا۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ بچے ٹیوشن ٹیچر کی مار کے خوف سے پارک چلے گئے تھے۔ پولیس نے تینوں بچوں کو بحفاظت والد کے حوالے کر دیا۔ ایس پی اقبال ٹا ئون سدرہ خان نے ایس ایچ او نواں کوٹ محسن شہزاد کاہلوں اور پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم کی روک تھام کے ساتھ کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ پر بھی بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔