بلدیاتی انتخابات کیلئے 12 ارب 52 کروڑ 24 لاکھ 98 ہزار روپے کا فنڈ منظور ، پاسکو سے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم 4 150 روپے من خریدی جائیگی
آزاد کشمیر حکومت کو 5 ہزار لیپ ٹاپس کی فراہمی، بینک آف پنجاب میں 3 ارب کی ایکویٹی انجیکشن کی منظوری بھی دیدی گئی ،ڈرنکنگ واٹر بوتل پر چارجز کی تجویز مسترد
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات، گندم خریداری، صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، مقامی حکومتوں اور مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔کابینہ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے 12 ارب 52 کروڑ 24 لاکھ 98 ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی، اجلاس میں پاسکو سے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم 4 ہزار 150 روپے فی 40 کلوگرام کے حساب سے خریدنے کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر حکومت کو 5 ہزار لیپ ٹاپس فراہم کرنے اور بینک آف پنجاب میں 3 ارب روپے کی ایکویٹی انجیکشن کی منظوری بھی دی گئی۔صوبائی کابینہ نے چیف منسٹر ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اقدامات کے بجٹ، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام، اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام کے سپلیمنٹری بجٹ اور مختلف اضلاع میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کے منصوبے کی بھی منظوری دی۔دریں اثناء ۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت صاف پانی اتھارٹی سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا‘مریم نواز نے ڈرنکنگ واٹر بوتل پر چارجز لگانے کی ابتدائی تجویز مسترد کرتے ہوئے عوام کو صاف پانی کی مفت فراہمی کے منصوبے کو مزید موثر ر بنانے کی ہدایت کردی‘انہوں نے عوام کو ان کی دہلیز پر صاف پانی پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پینے کا صاف پانی پنجاب کے ہر شہری کا حق ہے، جہاں صاف پانی دستیاب نہیں، وہاں ہر صورت بوتلوں میں بند پانی پہنچایا جائے گا۔