وفاقی حکومت نے تین مراحل میں 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کر لیا

وفاقی حکومت نے تین مراحل میں 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) :وفاقی حکومت نے ملکی معیشت میں بہتری، سرکاری اداروں پر بوجھ کم کرنے اور کارکردگی بڑھانے کے لیے تین مراحل میں 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے۔

 اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے نجکاری عبد العلیم خان نے اداروں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں۔عبد العلیم خان کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق:

پہلے مرحلے (پہلا سال):
پہلے مرحلے میں 10 اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔ان اداروں میں قومی ایئر لائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA)، روزویلٹ ہوٹل (نیو یارک)، زرعی ترقیاتی بینک (ZTBL) اور آئیسکو (IESCO) سمیت تین ڈسکوز (Distribution Companies) شامل ہیں۔اس مرحلے کو ایک سال کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
دوسرے مرحلے (1 سے 3 سال):
اس مرحلے میں 13 ادارے شامل ہوں گے۔نجکاری کی جانے والی کمپنیوں میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، چار جنکوز (GENCOs - بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں) اور لیسکو (LESCO) سمیت چھ ڈسکوز شامل ہیں۔یہ مرحلہ آئندہ ایک سے تین سال کے درمیان مکمل کیا جائے گا۔
تیسرے مرحلے (3 سے 5 سال):
تیسرے اور آخری مرحلے میں صرف ایک ادارے کی نجکاری کی جائے گی، جس کے لیے 3 سے 5 سال کا دورانیہ مقرر کیا گیا ہے۔اس ادارے کا نام فی الوقت ظاہر نہیں کیا گیا۔وفاقی وزیر نے اس اقدام کو ملک کی معاشی اصلاحات کا اہم جزو قرار دیا اور کہا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور انہیں خسارے سے نکالنے کے لیے نجکاری ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے اس عمل میں شفافیت اور قومی مفاد کو اولین ترجیح دینے کا بھی یقین دلایا۔