ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی ہے۔
انہوں نے اس بزدلانہ کارروائی کو پاکستان کے خلاف دشمن عناصر کی مایوس کن سازش قرار دیا۔صدرِ مملکت نے حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابنِ امین، اور لانس نائیک محمد یونس کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے، ان کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔اپنے بیان میں انہوں نے قوم کو شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرنے کی ہدایت کی اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جواب میں دہشت گردوں کا قتل عام فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی عزم کا مظہر ہے۔
صدر نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی قیمت پر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کو جلد قلع قمع کیا جائے گا اور پاکستان کی سلامتی و خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔