ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے قافلے پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے ایف سی اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند کرے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعظم نے اس حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں امن و امان برقرار رکھنے میں ایف سی اور پولیس کے افسران و اہلکاروں نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ملک سے خارجی دہشتگردوں کی کارروائیوں کا خاتمہ کرنے میں مصروف عمل ہیں، اور پوری قوم ان کی قربانیوں کو سراہتی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک کے امن و امان کے لیے سیکیورٹی فورسز کی حمایت جاری رکھے گی تاکہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑا جا سکے۔