صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے "معرکہ حق" میں افواج پاکستان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ ان عظیم شہداء کی قربانیوں کی بدولت پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کو ہر ممکن خطرے سے بچایا گیا ہے۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر پاکستان کی حفاظت کی۔ انہوں نے آپریشن ’بنیان المرصوص‘ کو دشمن کے غرور کو خاک میں ملانے اور افواج پاکستان کی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کی کامیاب مثال قرار دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شہداء کے اہل خانہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ "ہم نے ملک کا بھرپور دفاع کیا اور ملکی خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔" انہوں نے مزید کہا کہ شہداء پیکیج کے تحت شہداء کے اہل خانہ کی ضروریات کا خیال رکھا جائے گا۔وزیراعظم نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے حملوں میں 15 بچے، 7 خواتین اور 40 شہری شہید ہوئے ہیں۔
انہوں نے شہداء کی قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ "ہم انہیں کبھی نہیں بھولیں گے اور ان کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔"وزیراعظم نے آپریشن 'بنیان المرصوص' کو دشمن کے خلاف ایک فیصلہ کن جواب قرار دیا اور کہا کہ یہ آپریشن بھارت کے لیے ایک واضح پیغام تھا کہ پاکستان اپنی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان امن پسند قوم ہے لیکن ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔آخر میں وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور پوری قوم سے شہداء کے مشن کو آگے بڑھانے کی اپیل کی۔