چہلم امام حسینؓ : 61 علما ء کے پنجاب میں داخلے پر پابندی عائد

 حساس شہروں اور ہاٹ سپاٹس پر پولیس کے ساتھ پاک فوج اور رینجرز کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے
لاہور(آئی این پی )پنجاب میں چہلم امام حسین ؓ کے موقع پر پر سیکیورٹی کیلئے پولیس کے علاوہ رینجرز اور فوج تعینات ہوگی، محکمہ داخلہ نے 61 علما کے پنجاب میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔محکمہ داخلہ پنجاب کے ذرائع کے مطابق چہلم امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے موقع پر حساس شہروں اور ہاٹ اسپاٹس پر پولیس کے ساتھ پاک فوج اور رینجرز کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔محکمہ داخلہ کے مطابق آئی جی آفس کی جانب سے 91 علما کے نام بھجوائے گئے تھے، جانچ پڑتال کے بعد 61 علما کے پنجاب میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔رپورٹ کے مطابق علما شرانگیز مقررین کی فہرست میں شمار کرکے داخلہ بند کیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔