لاہور میں حویلی الف شاہ سے مرکزی جلوس بر آمد ، کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر
کراچی، پشاور، کوئٹہ میں بھی تعزیے بر آمدہوئے ، سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات
لاہور،اسلام آباد ،کراچی ،کوئٹہ ،پشاور(خصوصی رپورٹ )ملک بھر میں نواسہ رسول? حضرت امام حسین ?و شہدا ئے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا ،لاہور،کراچی ، راولپنڈی ، فیصل آباد،اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں روایتی جلوس و تعزیے بر آمد کئے گئے اورشریک عزادار نوحہ خوانی ،ماتم اور زنجیر زنی کرتے رہے ، مجالس بھی برپا کی گئیں جس میں ذاکرین نے فضائل و مصائب شہدائے کربلابیان کئے، جلوسوں کے راستوں میں عزاداروں کیلئے سبیلوں اور نیاز کا اہتمام کیا گیاتھا،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کر رکھے تھے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں چہلم امام حسینؓ کے سلسلے میں مرکزی شبیہِ تعزیہ کا جلوس روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ حویلی الف شاہ اندرون دہلی گیٹ سے بر آمد ہوا، جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک تھی،جلوس اپنے مقررہ روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا،جلوس کے راستوں کو کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں لگا کر بند کیا گیا تھا ، سکیورٹی کے لئے کئی درجاتی سکیورٹی تعینات رکھی گئی ، چھتوں پر بھی سنائپرز تعینات رہے۔ جلوس سے قبل منعقدہ مجلس سے خطاب میں علامہ صبیح حیدر شیرازی نے واقعہ کربلا کے مصائب اور حضرت امام حسین? کی عظیم قربانی کے پیغام پر روشنی ڈالی۔ جلوس کے راستوں پر عزاداروں کیلئے پانی، شربت اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئی تھیں جبکہ لنگر کے بھی انتظامات کئے گئے ۔ دوسری جانب اسلام آباد میں چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناء عشری جی 6 میں ختم ہوگیا۔پشاور میں چہلم کا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے بر آمد ہوا، کوئٹہ میں بھی جلوس بر آمد ہوا، اس دوران وہاں قائد آباد، گوالمنڈی اور بروری کے علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہی۔ راولپنڈی میں چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے بر آمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا قدیمی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا ، سکیورٹی کے لئے 300 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کئے گئے تھے ۔ کراچی میں چہلم حضرت امام حسین? کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے بر آمد ہوا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پہنچ کر ختم ہوگیا، جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والے راستے کنٹینر رکھ کر بند کئے گئے تھے۔