اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش‘ژالہ باری

راولپنڈی میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، شہریوں کو آمدورفت میں پریشانی کا سامنا  
ضلع باجوڑ، مالاکنڈ اور سوات کے علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی
اسلام آباد(آئی این پی )راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں صبح سویرے موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔جڑواں شہروں میں جمعہ کی  علی الصبح تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، اسلام آباد میں تیز بارش کے ساتھ ساتھ چند مقامات پر اولے بھی برسے، بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائوں نے خنکی میں اضافہ کر دیا جس سے سردیوں کے باضابطہ آغاز کا تاثر ابھرنے لگا ہے۔نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، شہریوں کو آمدورفت میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ  ا۔اس کے علاوہ رات گئے ضلع باجوڑ، مالاکنڈ اور سوات کے علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی۔محکمہ موسمیات نے آ ئندہ 24گھنٹوں میں  مری، گلیات، جہلم، گوجرانوالہ اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔