سکردو میں دریا کی سیر کے دوران کشتی الٹ گئی‘ میاں بیوی سمیت 5 افراد ڈوب گئے
8 اگست تک دریائے ستلج، چناب، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان
اسلام آباد ،لاہور (آ ئی این پی‘لیڈی رپورٹر )اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔اسلام آباد کے علاوہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی را ت کو کہیں ہلکی بارش تو کہیں بوندا باندی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطا بق آ ئندہ 24گھنٹوں میں بالائی پنجاب،خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد ،خیبر پختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔اس کے علاوہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے چناب، ستلج، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔ 5 سے 8 اگست تک مون سون بارشوں کے باعث بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ خدشہ ہے۔ 8 اگست تک دریائے ستلج، چناب، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو بھی الرٹ جاری کیا۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام کو ممکنہ صورتحال بارے الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ سکردو کے معروف تفریحی مقام کچورا ثوق ویلی میں دریا کی سیر کے دوران کشتی الٹنے سے میاں بیوی سمیت 5 افراد ڈوب گئے