معاشی اہداف کے حصول میں کوتاہی برداشت نہیں شہبازشریف
تمام سرکاری ادارے ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور جانفشانی سے کام کریں،ٹیکس نادہندہ اور تمام صنعتوں کے پیداواری عمل کو ڈیجیٹائز کر کے ٹیکس نیٹ میں لایا جائے‘اہداف کی خود نگرانی کر رہا ہوں
ٹریک اینڈ ٹریس ڈیجیٹل پروڈکشن سسٹم، اشیا ء کے پیداواری اور ترسیل کے مراحل میں شامل کیا جائے ‘ریٹیل کے شعبے میں ایف بی آر کے پوائنٹ آف سیل سسٹم کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے:اجلاس میں ہدایات
اسلام آباد(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے معاشی اہداف کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، تمام سرکاری ادارے ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون کریں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی ڈیجیٹائزیشن اور دیگر اصلاحات کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے سال 25-2024میں وفاقی ٹیکس محصولات میں گزشتہ 10 سالوں کی نسبت 42 فیصد اضافے پر وزارت خزانہ اور ایف بی آر کی کاوشوں کو سراہا.وزیراعظم نے کہا کہ نئے مالی سال میں محصولات کی وصولی اور دیگر معاشی اہداف کو حاصل کرنے بھی اسی مستعدی کا مظاہرہ کیا جائے اور اس میں کسی قسم کی ادار ہ جاتی سستی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اس سلسلے میں تمام ادارے مکمل جانفشانی سے کام کریں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے روشن معاشی مستقبل کیلئے معاشی اہداف کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، محصولات کی وصولی اور معاشی اہداف کے تمام مراحل کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں.انہوں نے ایف بی آر کے افسران کو ہدایت کی کہ محصولات کی وصولی اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں ایف بی آر عوام سے عزت و تکریم کے ساتھ پیش آئے، ملکی معیشت کی ترقی کیلئے تمام سرکاری ادارے ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون کریں وزیراعظم نے ہدایت کی ٹریک اینڈ ٹریس ڈیجیٹل پروڈکشن سسٹم، اشیا کے پیداواری اور ترسیل کے مراحل میں شامل کیا جائے تاکہ تمام پیداوار کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکے، ٹیکس نادہندہ اور تمام صنعتوں کے پیداواری عمل کو ڈیجیٹائز کر کے ٹیکس نیٹ میں لایا جائے.شہباز شریف نے ریٹیل کے شعبے میں ایف بی آر کے پوائنٹ آف سیل سسٹم کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری پر اجلاس کے شرکا کو مبارکباد بھی دی وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری برادری اور ٹیکس دہندگان کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایف بی آر تمام دروازے کھلے رکھے ‘دریں اثناء سعودی عرب کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار ادا کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی سطح پر تعاون کے امور زیر بحث آئے۔شہباز شریف نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے قیام میں سعودی عرب کے تعمیری کردار کو بھی سراہا، جسے انہوں نے خطے میں استحکام کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔