علی امین گنڈا پور رہنمائوں کے خلاف بیانات کا نوٹس

فریقین کو صبر سے کام لینا چا ہئے ،وزیر اعلیٰ کو ہٹانے میں صداقت نہیں:جنید اکبر،بیانات کی تحقیقات کرائی جائیں ، عاطف خان 
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور پی ٹی آئی رہنمائوں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے جبکہ پارٹی کی مرکزی قیادت نے علی امین گنڈا پور کے بیانات کا نوٹس لے لیا۔پشاور میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے لگائے گئے کیمپ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا کہ پارٹی میں ایکس وائی زیڈ کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو ہٹانے میں صداقت نہیں تاہم علی امین گنڈا پور نے رہنمائوں پر جو الزامات لگائے پارٹی کی سیاسی کمیٹی نے اْس کا نوٹس لے لیا کیونکہ یہ درست الزامات نہیں ہیں۔خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر نے کہا کہ پارٹی میں علی امین ہوں یا تیمور جھگڑا سب بانی کے کارکن ہیں ، پارٹی کی سینئر قیادت نے وزیر اعلیٰ کے بیانات کا بھی نوٹس لے لیا ہے فریقین کو حالیہ صورتحال میں صبر و تحمل سے کام لینا چا ہئے۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو وزیراعلیٰ کے منصب کے لئے بانی چیئرمین نے منتخب کیا، اس وقت ہم عمران خان کو جیل سے نکالنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا میرے ساتھ اختلاف ہے تو ٹھیک ہے، اسد قیصر، شکیل خان سمیت سینئر رہنمائوں کیخلاف باتیں نہیں ہونی چاہئیں، وزیر اعلیٰ علی امین کے پارٹی فنڈز کے دعوے کا علم نہیں، لیڈرشپ نے کہا ہے اندر کے معاملات سامنے نہ لائیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین کے بیانات کی تحقیقات کرائی جائیں، جواب کا حق محفوظ رکھتے ہیں لیکن یہ وقت لڑائی کا نہیں، وزیراعلیٰ بیان بازی کے بجائے امن و امان کی بحالی پر توجہ دیں۔پی ٹی آئی عاطف خان نے پارٹی میں فارورڈ بلاک بننے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ گروپ بننے نہیں جارہا، پارٹی میں اختلاف ہوتا ہے لیکن بانی کی رہائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے۔عاطف خان کا کہنا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی نے ہمارے متعلق کوئی بیان دیا ہے تو اس کی تصدیق ہونی چاہیے۔