جب میں غلط کام نہیں کر رہا تو ڈروں کیوں؟ ہمیں اللہ کو جواب دینا ہے، یہ سوچ پیدا کرنی ہو گی، ہم نے کشکول توڑنا ہے‘ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا:علی امین گنڈا پور
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)زیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے نرسنگ اور میڈیکل کالج قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے اس سال یونیورسٹی آف پشاور کو 50 کروڑ روپے دینا میرا کام ہے، اگر میں نے پیسے نہیں دیئے تو میرے خلاف ’’اوو‘اوو‘‘ کر کے احتجاج کریں۔انہوںنے پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آبادی بڑھ گئی ہے لیکن صوبوں کی تعداد نہیں بڑھائی جا رہی، یہاں لوگ اپنی بادشاہت قائم کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ جب میں غلط کام نہیں کر رہا تو ڈروں کیوں؟ ہمیں اللہ کو جواب دینا ہے، یہ سوچ پیدا کرنی ہو گی، ہم نے کشکول کو توڑنا ہے جس کے لیے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا۔ ہم نے اداروں کو با اختیار کرنا ہے، کے پی پہلا صوبہ ہے جہاں 30 ارب روپے قرضہ اتارنے کیلئے فنڈ مختص کیے گئے ہیں، اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے فنڈز مختص کیے۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی ہے، انفرادی ملاقاتیں ہورہی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی عدم موجودگی کی وجہ سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات بانی سے تاخیر ہو رہی ہے۔کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ میں ہی کرونگا، وزراء کو کابینہ سے نکالنے کا فیصلہ میں جاری کرونگا ، کابینہ میں ردوبدل سے متعلق فیک نیوز شیئر ہو رہی ہے۔