پائیلٹس کے جعلی لائسنس کیس: ایف آئی اے اور سول ایوی ایشن کی درخواست مسترد

پائیلٹس کے جعلی لائسنس کیس: ایف آئی اے اور سول ایوی ایشن کی درخواست مسترد

سندھ ہائیکورٹ نے پائیلٹس کے جعلی لائسنس کیس میں سول ایوی ایشن اور ایف آئی اے کی اپیل مسترد کر دی۔

سندھ ہائیکورٹ میں پائیلٹس کے جعلی لائسنس سے متعلق سول ایوی ایشن اور ایف آئی اے کی اپیل کی سماعت ہوئی، جس میں درخواست گزار کے وکلا جمیل احمد اور عامر منصوب ایڈووکیٹس نے موقف اختیار کیا کہ سینیٹ میں پیش ہونے والی رپورٹ میں پائیلٹس پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے الزامات کو بھی جھوٹا قرار دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق، وزیر کے الزامات کی وجہ سے پی آئی اے اور پائیلٹس کی بدنامی ہوئی، اور غلام سرور خان کے بیان کے بعد پی آئی اے کو عالمی سطح پر پابندیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔عدالت نے سول ایوی ایشن اور ایف آئی اے کی اپیل مسترد کرتے ہوئے وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا، جس میں 68 پائیلٹس کے کیس کو ختم کیا گیا تھا۔ سول ایوی ایشن نے وفاقی وزیر کے بیان کے بعد 68 پائیلٹس کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔