نیویارک / جنیوا: اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے شہری ہوابازی (ICAO) نے روس کو جولائی 2014 میں پیش آنے والے ملائیشین ایئرلائن کی پرواز MH-17 کی تباہی کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے۔
یہ فیصلہ ادارے کی کونسل میں ہونے والی ووٹنگ کے بعد سامنے آیا، جس میں روس کے خلاف اکثریتی ووٹ دیا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، پرواز ایم ایچ-17، جو کوالالمپور سے ایمسٹرڈیم جا رہی تھی، یوکرین کے مشرقی حصے میں روسی اور یوکرینی افواج کے درمیان جاری جھڑپوں کے دوران روسی ساختہ میزائل کا نشانہ بنی۔ اس حادثے میں طیارے میں سوار 298 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔متاثرین میں 196 افراد دی نیدرلینڈز سے، 38 آسٹریلیا، 10 برطانیہ، اور دیگر مختلف ممالک کے شہری شامل تھے۔روس نے اس الزام کو ماضی میں بارہا مسترد کیا ہے، تاہم ICAO کا مؤقف ہے کہ روس اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں میں ناکام رہا، خاص طور پر اس اصول کی پاسداری میں کہ شہری ہوائی جہازوں کو دورانِ پرواز ہتھیاروں سے نشانہ نہ بنایا جائے۔
یہ کیس اقوام متحدہ میں آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کی جانب سے 2022 میں دائر کیا گیا تھا۔ دونوں ممالک نے حالیہ فیصلے کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ یہ انصاف کی طرف ایک اہم قدم ہے۔اقوام متحدہ کے اس اقدام کو عالمی سطح پر ایک اخلاقی اور قانونی نظیر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو مستقبل میں شہری ہوابازی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔