رافیل طیاروں کی ناکامی، ڈیسالٹ ایوی ایشن کے شیئرز کو دھچکا

رافیل طیاروں کی ناکامی، ڈیسالٹ ایوی ایشن کے شیئرز کو دھچکا

ویب ڈیسک: پاکستان کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے تباہ کیے جانے کے بعد فرانسیسی دفاعی کمپنی ڈیسالٹ ایوی ایشن کے شیئرز میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق یورپی اسٹاک مارکیٹ میں ڈیسالٹ ایوی ایشن کے شیئرز کی قیمت میں 1.64 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کمی کی بنیادی وجہ رافیل طیاروں کی میدانِ جنگ میں ناکامی ہے، جس سے نہ صرف بھارت کی عسکری حکمت عملی متاثر ہوئی بلکہ کمپنی کی ساکھ پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔رافیل طیارے جدید ترین ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں سے لیس سمجھے جاتے ہیں اور بھارتی فضائیہ نے ان پر اربوں ڈالر خرچ کر رکھے ہیں۔ بھارت نے حال ہی میں فرانس سے مزید 26 رافیل ایم طیارے خریدنے کا معاہدہ بھی کیا تھا۔لیکن پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 5 جنگی طیاروں کو مار گرانے کے بعد دفاعی حلقوں، سوشل میڈیا اور عسکری تجزیہ نگاروں کی جانب سے رافیل طیاروں کی کارکردگی پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ اس کا براہ راست اثر ڈیسالٹ ایوی ایشن کے کاروبار پر بھی پڑا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ 5 روز میں ڈیسالٹ کے شیئرز میں 3.4 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا، لیکن پاکستانی فضائی کارروائی کے بعد مارکیٹ کا رجحان یکسر بدل گیا، اور کمپنی کو فوری مالی دھچکا پہنچا۔یاد رہے کہ پاک فضائیہ نے دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دیتے ہوئے نہ صرف 5 بھارتی جنگی طیارے تباہ کیے بلکہ اپنی تمام فضائیہ کے اثاثے محفوظ رکھے، جس نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو دنیا بھر میں اجاگر کیا۔