زکوٰۃ فنڈز سے قیدیوں کی رہائی

 نئی سکیم متعارف ، ابتدائی طور پر 50 ملین روپے جاری ،جرمانوں کی ادائیگی مشاورت سے ہوگی
 لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب بھر کی جیلوں میں معمولی جرمانوں کے باعث قید افراد کی رہائی کیلئے محکمہ زکوٰۃ و عشرہ نے نئی سکیم متعارف کرا دی۔سکیم کے تحت لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، گجرات، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں قیدیوں کے جرمانے زکوٰۃ فنڈز سے ادا کیے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر 50 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ ہر ضلع کو 5 ملین روپے کا فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔ جرمانوں کی ادائیگی متعلقہ جیل سپرنٹنڈنٹ اور زکوٰۃ وعشر کمیٹی کے ارکان کی مشاورت سے ہوگی۔ اس حوالے سے جاری مراسلے کے مطابق قیدیوں کی رہائی کیلئے باقاعدہ طریقہ کار بھی جاری کر دیا گیا ہے۔