علاقہ میدان جنگ بن گیا،لاشیں ہسپتال منتقل، علاقے میں خوف و ہراس، مکین گھروں میں محصور
دادو(آئی این پی )صوبہ سندھ کے ضلع دادو میں کچے کے علاقے میں دو گروپوں میں خونی تصادم کے نتیجے میں دوسگے بھائیوں سمیت 8افراد جاںبحق اور راہگیر خاتون سمیت تین زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق دادومیں چانڈیا برادری کے 2گروپوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہواجس کے نتیجے میں علاقہ میدان جنگ بن گیا، فائرنگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیااور مکین گھروں میں محصورہوکررہ گئے۔ فائرنگ کے واقعے میں راہگیر خاتون سمیت 3 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں،ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک گروپ کے 6 جبکہ دوسرے گروپ کے 2 افراد مارے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں دونوں گروپوں کے 2،2 سگے بھائی بھی شامل ہیں، جاں بحق افراد میں بچل چانڈیو، منظور چانڈیو، سلطان چانڈیو، ذوالفقار چانڈیو، حاجن چانڈیو اور فدا چانڈیو شامل ہوہیں، شیخ گلاب والے گروپ کے دو سگے بھائی دیدار چانڈیو اور گل بہار چانڈیو کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ ممتاز چانڈیو اور غلام قادر چانڈیو زخمی ہیں۔ دونوں گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ سے علاقہ میدانِ جنگ بن گیااور لاشیں اٹھانے میں بھی رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں،اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی سٹی اکبر چنا کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، زخمیوں کو دادو کے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمی ممتاز چانڈیو کی حالت تشویشناک ہونے پر سیہون اسپتال ریفر کر دیا گیا۔