موٹرسائیکلوں میں ٹکر سے ماں بیٹا، بس تلے آکر فیکٹری مزدور چل بسا
الہ آباد ،قصور(خصوصی رپورٹ)الہ آباد اور دیپالپور روڈ پر دو ٹریفک حادثات میں 3افراد جاں بحق، 3زخمی ہوگئے۔ نظام پورہ کے قریب دو تیز رفتار موٹر سائیکلیں آمنے سامنے سے ٹکرا گئیں۔ حادثہ میں میاں والا گھاٹ کے رہائشی ماں اور بیٹا جاں بحق، دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 20 سالہ عامر اور 55 سالہ پروین کے نام سے ہوئی ہے۔زخمیوں میں عابد، حریم اور عاتکہ شامل ہیں۔ عامر اور اس کی ماں تصادم کے بعد سڑک پر گرے تو اوپر سے ٹریکٹر ٹرالی نے کچل ڈالا۔ لاشوں اور زخمیوں کو ریسکیوٹیم نے تحصیل ہسپتال چونیاں منتقل کر دیا۔ تینوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہونے پر طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔ تھانہ سٹی چونیاں پولیس نے دونوں موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ادھر قصور کے نواح دیپالپور روڈ پر فیکٹری بس کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ 30 سالہ اشرف موٹرسائیکل پر فیکٹری جارہاتھا کہ جب وہ ٹولووالا گول چکر کے قریب پہنچا تو اسی فیکٹری کی بس کے پچھلے ٹائر کے نیچے موٹرسائیکل کے آجانے سے اس پر سوار اشرف موقع پر دم توڑگیا۔لاش کو ہسپتال شفٹ کردیاگیا۔ پولیس مصروف کارروائی ہے۔