خیرپور میں قومی شاہراہ پر مسافر کوچ اور ٹریلر میں ٹکر ، 11 افراد جاں بحق،10زخمی، کوٹ ادو میں تیز رفتار آئل ٹینکر موٹر سائیکل پر چڑھ گیا، دو خواتین اور ایک بچے سمیت چار افراد جاں بحق ہوئے
بہاولنگر میں لکڑیوں سے لدی ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے 3 مزدور جاں بحق ہو گئے، افسوسناک حادثہ ایکسل ٹوٹنے کی وجہ سے پیش آیا، مزدور لکڑیوں سے لدی ٹریکٹر ٹرالی کے نیچے دب گئے
کراچی، خیبرپور،کوٹ ادو،بہاولنگر( آئی این پی ) سندھ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں خواتین و بچوں سمیت 19افراد جاںبحق اور 12زخمی ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے ٹنڈو مستی کے قریب قومی شاہراہ پر خوفناک ٹریفک حادثے میں 11 افراد جاںبحق اور 10زخمی ہوگئے ۔ریسیکیو ذرائع کے مطابق حاد ثہ مسافر کوچ اور ٹریلر میں ٹکر کے نتیجے میں پیش آیا۔ تیز رفتار کوچ اوور ٹیکنگ کے دوران ٹرک سے جا ٹکرائی، حادثے میں مسافر کوچ کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی جان گنوا بیٹھے۔ تمام لاشوں اور زخمیوں کو خیرپور سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بدقسمت مسافر بس پنجاب سے کراچی آرہی تھی۔ادھر آئی جی سندھ نے ایس ایس پی خیرپورکو پولیس کو جائے حادثہ پر روانہ کرنے کا حکم دیدیا۔ آئی جی نے جائے حادثہ اور اطراف کے علاقوں میں امدادی سرگرمیاں یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔ ادھر کوٹ ادو میں سلطان کالونی کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ ایک تیز رفتار آئل ٹینکر موٹر سائیکل پر چڑھ دوڑا۔ حادثے کے نتیجے میں دو خواتین اور ایک بچے سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب سلطان کالونی کے قریب بے قابو آئل ٹینکر نے سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل کو کچل دیا۔ واقعے میں موٹر سائیکل پر سوار چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دو بچیاں شدید زخمی ہوئیں۔پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمی بچیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی بچیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور آئل ٹینکر کے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ادھر کراچی میں ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے کلفٹن شون سرکل کے قریب پیش آیا جہاں ٹریلر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔پولیس نے بتایا کہ ٹریلر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک شخص زخمی بھی ہوا۔پولیس نے مزید بتایا کہ ٹریلر کے ڈرائیور کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ہیوی گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ دوسری جانب صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں لکڑیوں سے لدی ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے 3 مزدور جاں بحق ہو گئے۔ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ ایکسل ٹوٹنے کی وجہ سے پیش آیا، حادثے کے باعث مزدور لکڑیوں سے لدی ٹریکٹر ٹرالی کے نیچے دب گئے۔تینوں مزدوروں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، جاں بحق افراد کی شناخت محمد مقصود، محمد اقبال اور عابد علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔