حلفاً کہتاہوں ،میرے بارے میں بانی سے منسوب غلط خبریں چلائی گئیں: اعظم سواتی

آرمی چیف سے عارف علوی کے ذریعے بھی بات کرنے کی کوشش کی لیکن دروازے نہ کھلے،رہنما پی ٹی آئی 
اسلام آباد(آئی این پی) پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے عمران خان سے متعلق قرآن پر حلف کے ساتھ بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بارے میں بانی پی ٹی آئی سے منسوب غلط خبریں چلائی گئیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے وقت بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔ اپنے ایک بیان میں اعظم سواتی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے کہا کہ آپ کی جیب میں کھوٹے سکے ہیں، میں نے کہا کہ اب مانسہرہ میں میرے ایک لاکھ ووٹ نہیں، سو ووٹ بھی نہیں، دسمبر 2022 میں بانی نے مجھے کہا آرمی چیف سے بات چیت کرنا چاہتا ہوں، بانی پی ٹی آئی نے کہا مجھے آپ پر اعتماد ہے، جائیں اور فوجی قیادت سے بات کریں، بانی سے مشاورت کے بعد آرمی چیف کے استاد کے ذریعے رابطے کی کوشش کی جبکہ آرمی چیف سے عارف علوی کے ذریعے بھی بات کرنے کی کوشش کی لیکن دروازے نہ کھلے، پارٹی رہنمائوں نے مجھے گھر سے اٹھایا اور 22 اگست کا جلسہ ملتوی کروانے کا کہا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بیرسٹر گوہر میرے گھر آئے اور مجھے اڈیالا جیل لے کر گئے، بانی پی ٹی آئی سے کہا عارف علوی اور ساتھیوں سے مل کر اسٹیبلشمنٹ سے بات کروں گا۔ بانی نے کہا کسی کو بتانے کی ضرورت نہیں کس سے کہاں رابطہ کر رہے ہو، اگر وہ بات کرنا چاہتے ہیں تو میں پہلے دن سے تیار ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایک وی لاگر کہتا ہے اعظم سواتی 26 نومبر کو کہاں تھا، میں اٹک جیل میں تھا، اٹک جیل میں تھا، مجھ پر تشدد ہوا، پارٹی میں تفریق نہیں پیدا کرنا چاہتا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک کو بچانا ہے تو شر اور فساد پیدا کرنے والوں کا منہ بند کرنا پڑے گا، علی امین کے ساتھ کھڑا ہوں، وہ بانی پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ ہیں۔