بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ سے ملاقات ہوئی، وہ خود صحت کی صورتحال بتا سکتی ہیں،بانی کو ہسپتال لے جایا گیا، کوئی تشویشناک بات نہیں
سیاستدانوں نے قید میں ایک عمر گزاری، آزمائشیں آتی رہتی ہیں، آپ نے سیاست کے سٹینڈرڈ کو گٹر میں ڈال دیا ہے: اسمبلی میں اظہار خیال
اسلام آباد(آن لائن )قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق خدشات مسترد کرتے ہوئے کہا حلفاً کہتا ہوں ان کی صحت کو کوئی مسئلہ نہیں، بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کی ان سے ملاقات ہوئی ہے، وہ خود بتا سکتی ہیں کہ ان کی صحت کے کیا حالات ہیں۔ انہیں ہسپتال لے جایا گیا، کوئی ایسی تشویشناک بات نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں نے قید میں ایک عمر گزاری ہے، اس دوران آزمائشیں آتی ہیں۔ نواز شریف کی دو سرجریاں جنیوا میں ہوئی ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا آنکھ کا مسئلہ تھا، وہ صحت یاب ہوچکے ہیں اور ایک صحت مند شخص کی طرح کھانا کھاتے ہیں۔ ان کی صحت کو کوئی ایشو نہیں ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ جب ہمارے پلیٹ لیٹس کا ایک ایشو بنایا گیا تھا تو بانی پی ٹی آئی کی بیماریوں کا مذاق اڑانے والی سینکڑوں ویڈیوز موجود ہیں۔ نواز شریف کا مذاق اڑایا گیا اور امریکہ کے جلسوں میں بھی بانی پی ٹی آئی نے ان کا تمسخر اڑایا۔خواجہ آصف نے کہا کہ اگر اجازت دی جائے تو وہ ساری ویڈیوز ایوان میں چلا سکتے ہیں۔ جب اس قسم کے رویے ہوں تو تھوڑا سا برداشت کرلینا چاہیے، آپ نے سیاست کے اسٹینڈرڈ کو گٹر میں ڈال دیا ہے۔