ماسکو،اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان نے بھارتی ذرائع ابلاغ کی ان خبروں کی تردید کردی ہے جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ روس کے دفاعی سازوسامان کی معلومات پاکستان سمگل کرنے سے متعلق ایک منصوبے بے نقاب ہو گیا ہے۔بی بی سی کے مطابق ماسکو میں پاکستان کے سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایسی بے بنیاد خبریں پاکستان اور روس کے درمیان دیرینہ اور دوستی پر مبنی تعاون کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔ بھارت کے متعدد ذرائع ابلاغ نے اس نوعیت کی خبریں شائع کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی ایجنسی آئی ایس آئی کی جانب سے روس کی دفاعی ٹیکنالوجی چوری کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔