الحمداللہ! 2025 کامیابیوں سے بھرپور سال ہے‘ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ اور پاک امریکہ تعلقات میں بے مثال پیش رفت ہوئی ہے:وزیردفاع
دنیا میں سیاسی اور عسکری قیادت کا ایک پیج پر ہونا کسی بھی ریاست کی کامیابی کیلئے ضروری ہے، یہ کوئی نئی بات نہیں:مشیر سیاسی امور کی میڈیا سے گفتگو
واشنگٹن‘اسلام آباد (آئی این پی )وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے الحمداللہ، 2025 کامیابیوں سے بھرپور سال ہے ،ہائبرڈ نظام کی پارٹنر شپ کی کامیابیوں کا تسلسل جاری ہے۔وزیر دفاع نے وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات پر سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'بھارت پر فتح، سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ اور پاک، امریکا تعلقات میں بے مثال پیش رفت ہوئی ہے‘دریں اثناء وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور و بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے موجوہ نظام کو ہائبرڈ یا ون پیج سے منسوب کرنا غلط ہے، دنیا میں سیاسی اور عسکری قیادت کا ایک پیج پر ہونا کسی بھی ریاست کی کامیابی کیلئے ضروری ہے، یہ کوئی نئی بات نہیں بلکہ ہر ریاست کی ضرورت ہے، نواز شریف نے اپنے اوپر خود سے ایک پابندی عائد کر رکھی ہے کہ وہ حکومتی معاملات پربیان نہیں دیں گے یا میڈیا سے گفتگو نہیں کریں گے۔ایک انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمارے ہاں اسے ون پیج اور ہائبرڈ کہا جاتا ہے لیکن حقیقت یہی ہے کہ ریاست کے تمام ستون، فوج، عدلیہ، انتظامیہ اور سیاست مل کر چلیں تو کامیابی حاصل ہوتی ہے۔ پوری دنیا میں عسکری اور سیاسی قیادت ایک ساتھ چلتی ہے۔ حقیقت یہی ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی اور کامیابی کئی جہتوں میں ہوتی ہے، چاہے وہ معاشی ہو، مقامی سطح پر ہو، انتظامی ہو یا دفاعی۔ اگر خدا نہ خواستہ کوئی بڑا معرکہ پیش آ جائے تو یہ صرف فوج نے نہیں لڑنا ہوتا، بلکہ پوری قوم کو ساتھ دینا پڑتا ہے۔ جب قوم ساتھ دیتی ہے تو پھر وہ عزت اور کامیابی ملتی ہے جو آج پاکستان کو پوری دنیا میں حاصل ہوئی ہے۔