پاکستان کو ہندوستان کے مقابلے میں ترقی کی ریس میں جتوانا ہے: احسن اقبال

( ن)لیگ جب بھی حکومت میں آتی ہے پاکستان کی ترقی کا پہیہ چلنے لگتا ہے،نارروال میں دس کروڑ کی لاگت سے منی سٹیڈیم تعمیر ہوگا
 اب ہمیں اس ملک کے اندر کسی دھرنے، فساد، لانگ مارچ کی ضرورت نہیں ، انشا اللہ ہم ترقی کی ریس جیتیں گے،تقریب سے خطاب
نارووال(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو ہندوستان کے مقابلے میں ترقی کی ریس میں جتوانا ہے۔اپنے آبائی حلقے نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے 10 کروڑ کی لاگت سے یہاں منی سٹیڈیم تعمیر ہوگا، مسلم لیگ (ن) کا ایک ہی ایجنڈا ہے ترقی، مسلم لیگ( ن) جب بھی حکومت میں آتی ہے پاکستان کی ترقی کا پہیہ چلنے لگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک کو مسلم لیگ (ن ) سے چھینا جاتا ہے تو ترقی کا پہیہ الٹا چلنے لگتا ہے، جو لوگ کہتے تھے نیا پاکستان بنائیں گے وہ پاکستان کو 4 سالوں میں اجاڑ گئے، ان کا نیا پاکستان اجڑا ہوا پاکستان تھا، ان کا نیا پاکستان نوجوانوں کے لئے بیروزگاری،غریبوں کے لئے جہنم کا پاکستان تھا۔وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا کہنا تھا کہ جب ان سے حکومت عوام نے عدم اعتماد کے ساتھ لی، پاکستان دیوالیہ ہونے والا تھا، اس حکومت کے بدلے ہمیں سخت فیصلے کرنے پڑے، مہنگائی کی شرح جو 38 فیصد سے بڑھ رہی تھی جو 4 فیصد سے کم آگئی ہے۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ یکم جولائی ساڑھے سات روپے بجلی یونٹ میں کمی ہو جائے گی، اب ہمیں اس ملک کے اندر کسی دھرنے، فساد، لانگ مارچ کی ضرورت نہیں ہے، ہمارا مقابلہ ہندوستان کے ساتھ ہے، ہندوستان کے مقابلے میں ترقی کی ریس میں جتوانا ہے، انشا اللہ ہم اس ترقی کی ریس میں جیتیںگے۔