پاکستان کو دشمن کے مقابلے کے ساتھ معرکہ ترقی بھی جیتنا ہے: احسن اقبال

ترقی کے سفر میں مشکلات آتی رہی ہیں مگر عزم بلند ہے ،پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے،حکومت کا وژن نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنا ہے
آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے منصوبوں پر 1ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے:وفاقی وزیر‘ یو ای ٹی لاہور میں 769طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے
لاہور (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے  پاکستان کو اندرونی استحکام کی ضرورت ہے اور دشمن کے مقابلے کے ساتھ ساتھ معرکہ ترقی بھی جیتنا ہے،ترقی کے سفر میں مشکلات آتی رہی ہیں لیکن عزم بلند ہے اور پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے،حکومت کا وژن نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنا ہے تاکہ وہ تعلیم، تحقیق اور جدت کے میدان میں آگے بڑھ سکیں،آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے منصوبوں پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جبکہ آئی ٹی پروگرامز اور انٹرپرینیورشپ کے ادارے بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو ای ٹی لاہور میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے وفاقی وزیر احسن اقبال کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کے فوکل پرسن برائے یوتھ رضوان انور بھی موجود تھے جنہوں نے لیپ ٹاپ سکیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔وفاقی وزیر نے تقریب کے دوران 2025ء تک کے تمام سپرنگ سیشنز کے طلبہ و طالبات میں مکمل میرٹ کی بنیاد پر 769لیپ ٹاپ تقسیم کیے ۔انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ مکمل شفافیت اور میرٹ پر دیئے گئے ہیں اور حکومت کا وژن نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنا ہے تاکہ وہ تعلیم، تحقیق اور جدت کے میدان میں آگے بڑھ سکیں۔احسن اقبال نے کہا کہ ٹیکنالوجی تک رسائی نوجوانوں کو نئے مواقع فراہم کرے گی اور ہم چاہتے ہیں کہ غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی آگے بڑھیں اور پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔