لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیسز میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے پراسیکیوشن سے متعلقہ مقدمات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وکلا کو دلائل کے لیے بھی طلب کرلیا۔عدالت نے علیمہ خان، عظمیٰ خان اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 6 نومبر تک ملتوی کردی۔سماعت کے دوران سابق وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چوہدری، مسرت جمشید چیمہ سمیت دیگر ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے اعظم سواتی کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی۔واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف 9 مئی کے واقعات کے دوران جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور مسلم لیگ ن کے دفتر کو جلانے سمیت دیگر واقعات سے متعلق مقدمات درج ہیں۔