سیکورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن ؛5 خوارج ہلاک، پاکستانی فوج کےبہادر میجرحافظ احسان الٰہی شہید

سیکورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن ؛5 خوارج ہلاک، پاکستانی فوج کےبہادر میجرحافظ احسان الٰہی شہید

شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کرتے ہوئے 5 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن یکم اگست 2026 کو بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے گروہ فتنہ الخوارج سے وابستہ مبینہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پانچ مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔بیان کے مطابق شہید میجر حافظ احسان الٰہی کا تعلق ضلع میانوالی سے تھا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ وہ اگلے مورچوں سے اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ افراد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر متعدد حملوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر مبینہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام" وژن کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھیں گے، جبکہ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔