وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں گزشتہ 16 سال سے اقتدار میں ہے لیکن اس کے باوجود وہ اپنی کارکردگی پر توجہ دینے کے بجائے غیر ضروری بیانات دے رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے سوال کیا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے کسانوں کے بارے میں کیوں فکر مند نہیں ہے؟ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی جھوٹ بولے گی تو انہیں اس کا جواب دینا پڑے گا۔انہوں نے سندھ کے پانی کے منصوبوں پر بھی اعتراضات اٹھائے اور کہا کہ ابھی تک کوئی نہر تعمیر نہیں کی گئی اور پیپلز پارٹی اس پر بات کرنے کی بجائے صرف تقاریر کرتی رہتی ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی اس اہم مسئلے کو حل نہیں کر سکی تو اس کی حیثیت محض زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ سندھ کو اس بات کا حق نہیں کہ وہ پنجاب کو سیلاب کے پانی کے استعمال پر ڈکٹیشن دے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اپنے قدرتی وسائل کو اپنے طریقے سے استعمال کرنے کا حق رکھتا ہے، اور سندھ کو اس حوالے سے نہیں بتا سکتا کہ کس طرح پانی کا استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پیپلز پارٹی کو دھمکیاں دینے کی بجائے عملی اقدامات کرنے چاہیے اور پنجاب کو کسی قسم کی دھمکیوں سے متاثر نہیں ہونے دینا چاہیے۔عظمیٰ بخاری نے آخر میں کہا کہ 26 اپریل کو ملک بھر میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ہڑتال کی جائے گی، اور 27 اپریل کو مینار پاکستان پر ایک تاریخ ساز جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ یہ جلسہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے ہوگا اور پاکستانی عوام کی مکمل حمایت کو ظاہر کرے گا۔