3 لاکھ 42 ہزار ایکڑ متاثرہ اراضی کی نشاندہی ،37ہزارگھروں کاڈیٹا بھی حاصل
5836 ہلاک مویشیوں کی تفصیلات موصول،ہر حقدار کو حق ملے گا،یقین دہانی
لاہور (خصوصی رپورٹ)وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر سیلاب متاثرین بحالی سروے تیزی سے جاری ہے۔ 27 اضلاع میں 2233 سروے ٹیمیں گھر گھر پہنچ کر ڈیٹا اکٹھا کررہی ہیں ، دور افتادہ علاقوں کا کشتیوں پردورہ کیاجارہاہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے بتایا فلڈ سروے میں 1 لاکھ 27 ہزار متاثرین کا ڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے۔ سروے ٹیموں نے مختلف اضلاع میں 88865 کسانوں سے سیلاب میں فصلوں کے نقصان کی تفصیلات حاصل کی ہیں ،سروے میں 3 لاکھ 42 ہزار ایکڑ سے زائد سیلاب متاثرہ اراضی کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے۔ سروے ٹیموں نے سیلاب متاثرہ 37044 مکانات کا ڈیٹا بھی لے لیا ہے۔سیلاب پرمویشیوں سے محروم ہونے والے 1400 افراد سے بھی تفصیلات لی گئیں۔مختلف اضلاع سے 5836 ہلاک مویشیوں کی تفصیلات موصول ہوئیں ۔پاک فوج کے جوان اربن یونٹ،ریونیو،محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک کینمائندے سروے کیلئے گھر گھر پہنچ رہے ہیں۔ روزانہ کی بنیادپر سروے میں پیشرفت کا جائزہ لیاجا رہا ہے۔ سروے ٹیموں نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ہر حقدار کو حق ملے گا۔