پنجاب میں سیلاب متاثرین کیلئے تاریخی سروے، 81510 افراد کا ڈیٹا جمع

 سروے کے دوران  سیلاب سے متاثرہ 27 اضلاع میں 1857 ٹیموں نے ڈیٹا اکٹھا کرنے میں حصہ لیا ، 53985 ایکڑ سیلاب متاثرہ اراضی کی نشاندہی ہوئی
  24246 مکانات  متاثرہوئے،3945 مویشی ہلاک ہوئے‘فوج اور مختلف محکموں کے نمائندے گھر گھر جا کر سروے کر رہے ہیں:ڈی جی پی ڈی ایم اے 
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا فلڈ سروے جاری کر دیا گیا۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)  کے مطابق سیلاب سے متاثرہ 27 اضلاع میں 1857 ٹیموں نے ڈیٹا اکٹھا کرنے میں حصہ لیا، فلڈ سروے میں 81510 متاثرین کی تفصیلات جمع کر لی گئی ہیں۔پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ سروے ٹیموں نے مختلف اضلاع میں 56207 کسانوں سے فصلوں کے نقصانات بارے جانچ پڑتال کی، اب تک سروے ٹیموں نے 53985 ایکڑ سیلاب متاثرہ اراضی کی نشاندہی کی ہے، سیلاب سے متاثرہ 24246 مکانات کا ڈیٹا جمع کر لیا گیا۔مویشیوں سے محروم ہونے والے 1057 افراد سے بھی تفصیلات لی گئیں، مختلف اضلاع سے سروے کے مطابق 3945 ہلاک مویشیوں کی تفصیلات موصول ہوئیں، اربن یونٹ، ریونیو، محکمہ زراعت، لائیو سٹاک اور پاک فوج کے نمائندے گھر گھر جا کر سروے کر رہے ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب روزانہ کی بنیاد پر سروے میں پیش رفت کا جائزہ لے رہا ہے۔