کالج میں ڈانس کی محفل؛ پرنسپل اور وائس پرنسپل برطرف

کالج میں ڈانس کی محفل؛ پرنسپل اور وائس پرنسپل برطرف

رحیم یارخان کے گورنمنٹ خواجہ فرید گریجویٹ کالج کے پرنسپل پروفیسر جمیل خان اور وائس پرنسپل ارشد بیگ کو کالج میں "میوزیکل نائٹ" کے دوران فی میل سٹوڈنٹس کے ڈانس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

 27 فروری کو ہونے والی اس تقریب میں فی میل سٹوڈنٹس نے ڈانس کیا، جس پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید ہوئی کہ سرکاری تعلیمی ادارہ میں اس طرح کی سرگرمیاں کیوں کی جا رہی ہیں۔تنقید بڑھنے پر پنجاب حکومت نے سرکاری تعلیمی اداروں میں اس طرح کی سرگرمیاں بند کروا دیں، اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے پرنسپل اور وائس پرنسپل دونوں کو عہدوں سے برطرف کر کے لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔اس واقعہ کے بعد ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن کالجز پنجاب نے لاہور ڈویژن کے ڈائریکٹر کالجز کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فن فیئر، اسپورٹس ڈے اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں کے دوران اساتذہ اور طلبہ میں ڈانس کی سرگرمیاں پائی گئی ہیں، اور تعلیمی اداروں میں ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔