حکومت کابجلی بلوں کی تقسیم ، پرنٹنگ پاکستان پوسٹ کے سپرد کرنے کا اصولی فیصلہ

پہلے مرحلے میں ہر پوسٹل سرکل کے ایک الیکٹرک سب ڈویژن میں ڈاک اہلکار بجلی کمپنی عملے کی مدد سے بلز تقسیم کریں گے
راولپنڈی (آن لائن) حکومت نے ملک بھر میں بجلی بلوں کی تقسیم اور پرنٹنگ کا کام پاکستان پوسٹ کے سپرد کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ اس مقصد کے لئے متعلقہ دونوں اداروں کے حکام کی میٹنگ میں یہ طے پایا ہے کہ کام کا آغاز جلد ہی پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا جائے گا اور کامیابی کی صورت میں اسے بتدریج بڑھاتے ہوئے 6 ماہ میں مکمل پاکستان پوسٹ کے سپرد کر دیا جائے گا۔ پاکستان پوسٹ کے ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں ہر پوسٹل سرکل کے ایک الیکٹرک سب ڈویژن میں ڈاک اہلکار بجلی کمپنی عملے کی مدد سے بلز تقسیم کریں گے۔ اس دوران سسٹم میں خامیوں اور نقائص کی نشاندہی کر کے انہیں دور کیا جائے گا۔ اس طرح بتدریج بلوں کی تقسیم اور پرنٹنگ کی ذمہ داریاں پاکستان پوسٹ کے سپرد کر دی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں 50 ملین گھریلو کمرشل اور ایگریکلچر صارفین کو بلز کی بروقت موثر تقسیم کے پیش نظر پوسٹل بیٹس اور عملے کی دستیابی کا بھی جائزہ لے گا۔