ہال روڈ کے تاجروں کیساتھ 15کروڑ کا فراڈ

 صغیر اور صدام نے سولر پینلز کی مد میں ایڈوانس رقوم لیں ، دکان بندکرکے فرار،متاثرین نے مقدمات کیلئے درخواستیں 
لاہور( کرائم رپورٹر)اچھرہ جیولری مارکیٹ کے بعدلاہور کی ہال روڈ مارکیٹ میں بھی مبینہ طور پر کروڑوں روپے کا فراڈ سامنے آگیا، دو ملزم درجن سے زائد دکانداروں اور خریداروں سے 15 کروڑ روپے کا فراڈ کر کے فرار ہوگئے ، متاثرہ دکانداروں نے تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں گزشتہ روز درخواستیں دیں مگر تاحال مقدمات درج نہ ہوسکے۔پولیس کا کہناہے کہ موصول ہونے والی تمام درخواستوں کی تحقیقات جاری ہیں، دکانداروں کا دعویٰ ہے کہ فراڈ کی کل مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد ہے، ملزموں نے سولر پینل کے سامان اور ایڈوانس رقم کی مدمیں فراڈ کیا، ملزم صغیر احمد اور صدام نے چندماہ قبل ہال روڈ پر سولر پینلز کی دکان کھولی تھی، 2 روز قبل دکان بند کر کے فرار ہو گئے۔ متاثرہ دکانداروں کاکہناہے کہ ملزم اس دوران دیگر دکانداروں سے لین دین کرتے رہے۔متاثرہ دکانداروں میں عمیریوسف،معظم وڑائچ،دانیال شیخ ودیگر شامل ہیں۔