لاہور: باگڑیاں کے علاقے میں ایک معصوم بچی کے ساتھ مبینہ نازیبا حرکت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔
پولیس نے متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ امیر چوک کے قریب پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ایک موٹر سائیکل سوار نے راہ چلتی معصوم بچی کے ساتھ نازیبا حرکت کی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی کے والد کی درخواست پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔حکام کے مطابق علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت کا عمل جاری ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں اور اسے جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق کوئی معلومات موجود ہوں تو فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں تاکہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔