صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ شہدائے جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کا غیر قانونی قبضہ آج بھی کشمیری عوام کے حقوق سلب کر رہا ہے اور عالمی برادری کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے چشم پوشی نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ 6 نومبر 1947 کا سانحہ برصغیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین باب ہے، جب ڈوگرہ فوج، آر ایس ایس اور مسلح جتھوں نے جموں میں 2 لاکھ سے زائد مسلمانوں کو شہید کیا۔ صدر زرداری کا کہنا ہے کہ اس قتلِ عام کے بعد نصف ملین سے زیادہ مسلمان ہجرت پر مجبور ہوئے، اور یہ واقعہ تاریخ کے سیاہ ترین ابواب میں شامل ہے۔انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ عالمی برادری نے کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کو وہ توجہ نہیں دی جس کے وہ حقدار تھے، اور کشمیری عوام کی قربانیاں کشمیر کی ادھوری داستان کی یاد دہانی ہیں۔ صدر زرداری نے مزید کہا کہ آرٹیکل 370 اور 35-اے کی منسوخی بھارتی حکومت کا آبادیاتی تبدیلی کا خطرناک منصوبہ ہے، اور ان اقدامات کو جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیا۔ پاکستان کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے اور کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا، کیونکہ ہم ان کے انصاف، وقار اور آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔