کشمیر میں مظالم پر عالمی برادری اور پاکستانی حکومت کی خاموشی پر حافظ نعیم کا اظہار تشویش

کشمیر میں مظالم پر عالمی برادری اور پاکستانی حکومت کی خاموشی پر حافظ نعیم کا اظہار تشویش

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر، حافظ نعیم الرحمٰن نے لاہور میں مال روڈ پر منعقدہ کشمیر مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کے مسئلے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

 انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور بھارت کے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی انتہائی تشویشناک ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنی آزادی کے لیے جدوجہد کا مکمل حق حاصل ہے۔انہوں نے بھارت کے زیر تسلط کشمیری عوام کی مزاحمت کو سراہا اور کہا کہ کشمیری اپنی آزادی کے حق میں ڈٹے ہوئے ہیں اور ان کی جدوجہد آزادی تک جاری رہے گی۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے خلاف ایک مضبوط اور واضح موقف اختیار کرے اور کشمیری عوام کی عملی مدد کو یقینی بنائے۔سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی کشمیر پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت سے وضاحت طلب کی کہ آیا کشمیر کے معاملے پر کوئی سودے بازی کی گئی ہے یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے کہ پاک فوج کشمیر کے معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کرے۔

مارچ میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں گے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔یہ مارچ کشمیری عوام کی آزادی کے لیے کی جانے والی جدوجہد کے ساتھ یکجہتی کا پیغام تھا، جس میں عوام نے کشمیر کی آزادی اور بھارتی مظالم کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔