24 گھنٹے میں 43 ہزار سیلاب متاثرین کوطبی سہولیات فراہم

لاہور(خصوصی رپورٹ)صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ محکمہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی میں سرگرم ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 968 فیسیلیٹیز کے ذریعے 43 ہزار سے زائد افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ صحت و آبادی کے کمیٹی روم میں اعلی ٰسطح اجلاس میں کیا جس میں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سپیشل سیکرٹری عون عباس، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر خلیل، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر زوہیب اجلاس میں موجود تھے۔صوبہ بھر کے سی ای او ز اور ایم ایس حضرات نے آن لائن شرکت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ صحت و آبادی ابتک 3 لاکھ 96 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کا علاج کرچکا ہے،متاثرہ علاقوں میں 447 فکسڈ ریلیف کیمپس قائم ہیں جہاں 24 گھنٹے متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا اسوقت 24 کلینک آن بوٹ سیلاب متاثرہ علاقوں میں آپریشنل ہیں۔کلینک آن بوٹ کے ذریعے 2ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کاعلاج کیاگیا۔سیلاب متاثرہ علاقوں میں 22 فیلڈ ہسپتال قائم ہیں جہاں ابتک 33 ہزار 9 سو سے زائد متاثرین کا علاج کیا گیا ہے۔ریلیف کیمپس میں انسولین کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ مریم نواز کلینک آن ویلز نے ابتک 2 لاکھ سے زائد مریضوں کو علاج معالجے کی سروسز فراہم کی ہے۔