نیو ہمپشائر کے قصبے ڈکس ویلی نوچ میں 6 ووٹ ڈالے گئے 3 کملا اور 3 ٹرمپ نے لئے
جنوبی بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر مدورائی میں کملا ہیرس کی کامیابی کیلئے پوجا کا اہتمام کیا گیا
واشنگٹن‘تامل ناڈو (آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدارتی الیکشن کا پہلا نتیجہ آگیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نیو ہمپشائر کے چھوٹے قصبے ڈکس ویلی نوچ میں ووٹ رات 12 بجے ڈالے گئے ، جہاں کل 6 ووٹوں میں سے 3 کملا ہیرس اور 3 ڈونلڈ ٹرمپ نے حاصل کئے۔یہاں سے 2020 کے الیکشن میں جو بائیڈن نے 5 ووٹ حاصل کئے تھے۔دریں اثناء جنوبی بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر مدورائی میں کملا ہیرس کی کامیابی کیلئے پوجا کا اہتمام کیا گیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق کملا ہیرس بھارتی اور جمیکا کے مہاجرین کی بیٹی ہیں، جن کی والدہ تامل ناڈو کی ریاست میں پیدا ہوئیں اور پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے امریکا منتقل ہوئیں۔کملا ہیرس نے اپنے بچپن کی یادیں شیئر کی ہیں کہ وہ چنئی میں اپنے نانا سے ملنے جایا کرتی تھیں اور انہوں نے بتایا کہ کس طرح ان کی بھارتی وراثت نے ان کی زندگی اور کیریئر پر اثر ڈالا ہے۔