اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کی پہلی قسط سے تعمیر کا آغاز کر سکتے ہیں، ترقی کے سفر میں نوازشریف، شہباز شریف اور ہم سب آپ کے ہمقدم ہیں
ماحولیاتی بہتری کے لئے شہری حکومت کا ساتھ دیں، دنیا کو یکجا ہو کر قدرتی آفات کا مقابلہ کرنا ہوگا:وزیراعلی پنجاب کا پیغام
لاہور(سپیشل رپورٹر )پنجاب حکومت کے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت 850 سے زائد درخواست دہندگان کو پہلی قسط کی ادائیگی مکمل کر لی گئی۔پنجاب بھر کے مختلف شہریوں کو اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت گھر بنانے کے لئے 60 کروڑ روپے مل گئے، 21 اگست سے 31 اگست تک درخواست دینے والوں کی تصدیق کا عمل مکمل ہوگیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے ارکان اسمبلی کو ڈپٹی کمشنر کے ساتھ خود جانے کی ہدایت کر دی، ارکان اسمبلی اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے درخواست دہندگان کو وزیر اعلی کی طرف سے مبارکباد کا لیٹر بھی دیں گے۔مریم نواز نے اپنی چھت، اپنا گھر سکیم کے تحت قرض کی رقم منظور ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کی پہلی قسط سے اپنے گھر کی تعمیر کا آغاز کر سکتے ہیں، دعا اورخواہش ہے ہر بے گھر پاکستانی کو گھر کی نعمت میسر ہو، ترقی اور خوشحالی کے سفر میں نوازشریف، شہباز شریف اور ہم سب آپ کے ہمقدم ہیں۔دریں اثناء سونامی سے آگاہی سے متعلق عالمی دن پر اپنے پیغام میںمریم نوازشریف نے کہا ہے سونامی سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی تجربات سے سیکھنا ہوگا۔ سونامی جیسی قدرتی آفات فطری عوامل ہیں، موسمیاتی تبدیلی سے آفات میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان بھی کلائمیٹ چینج کے سنگین مسئلہ سے دو چار ہے۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری کرنا ہوگی، سونامی کی تباہی سے نمٹنے کیلئے ہمیں بین الاقوامی تجربات سے سیکھنا اور اپنی حکمت عملی کو مضبوط بنانا ہے، حکومت پنجاب نے جامع کلائمیٹ پالیسی متعارف کرائی ہے جس میں قدرتی آفات میں انسانی جان و مال کا تحفظ بھی شامل ہے۔ پنجاب میں انفراسٹرکچر کی تعمیر میں زلزلے کے نقصانات سے بچا کی تکنیک کو اپنایا جا رہا ہے، ماحولیاتی بہتری کیلئے شہری حکومت کا ساتھ دیں، دنیا کو یکجا ہو کر قدرتی آفات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔