ایران نے بہادری سے جنگ لڑی، والد محمد نواز شریف بھی ہمیں ایران کیلئے دعا کرنے کا کہتے رہے، سٹڈی کے دوران خصوصی طور پر فارسی کا مضمون پڑھا: مریم نواز

پاکستانی عوام کے دل میں آج بھی بنگلہ دیشی بھائیوں کیلئے محبت  ہے نوازشریف
نواز شریف آج بھی بنگلہ دیشی عوام کے دل میں خوشبو کی طرح بستے ہیں‘ مریم نواز کی تقاریر کو بہت عرصے سے فالو کررہا ہوں:
بنگلہ دیشی مشیر برائے مذہبی امور اور ہائی کمشنر کی ملاقات میں گفتگو
 نواز شریف سے ایران کے سفیر کی ملاقات‘پاک ایران تعلقات کو بلندیوں کے نئے افق تک لے جانے پر اتفاق‘ایران کے صدر کی پاکستان آمد پرلاہور میں خیرمقدم کرنا خوشگوار تجربہ تھا:صدر ن لیگ

لاہور(سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں)بنگلادیشی مشیر برائے مذہبی امور نے کہا ہے  نواز شریف آج بھی بنگلہ دیش کے عوام میں خوشبو کی طرح بستے ہیں جبکہ میں مریم نواز کی تقاریر کو بہت عرصے سے فالو کررہا ہوں۔ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے بنگلا دیش کے مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر خالد حسین  نے ملاقات کی جس میں ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان بھی موجود تھے‘اس موقع پر بنگلا دیش میں موجود 500 پاکستانی طلبا کیلیے اسکالرز شپس کا اعلان بھی کیا گیا۔نواز شریف نے کہا  پاکستانی عوام کے دل میں آج بھی بنگلہ دیشی بھائیوں کی محبت موجزن ہے، ایم ایم عالم کو آج بھی پاکستانی قوم اپنا ہیرو سمجھتی ہے۔ پاکستان اور بنگلا دیش کی باہمی قربت بڑھانے کا بہترین وقت ہے، بنگلا دیش اپنے عوام کی معاشی ترقی کے حوالے سے تیزی سے ابھر کر سامنے آیا۔اس موقع پر وزیر اعلی مریم نواز شریف نے بنگلا دیش کی گارمنٹس، مائیکروفنانس اور خواتین کی شمولیت میں کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کا رشتہ سرحدوں سے بالاتر نسل در نسل بھائی چارے پر مشتمل ہے- تجارت اور براہ راست رابطے پاکستان اور بنگلا دیش کے عوامی تعلقات کو مزید تقویت بخشیں گے،  پنجاب بنگلا دیش کے ساتھ گرین انرجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے-
دریں اثناء  محمد نواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔ لاہور میں ایرانی قونصل جنرل مہران موحد فر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے معزز ایرانی سفیر اور قونصل جنرل کا پر تپاک و پر خلوص خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال،توانائی اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاک ایران تعلقات کو بلندیوں کے نئے افق تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔ قائد محمد نواز شریف نے کہا کہ ایران کے صدر کی پاکستان آمد پرلاہور میں خیرمقدم کرنا خوشگوار تجربہ تھا۔ ایرانی صدر دوراندیش، معتبر اور دانا شخصیت رکھتے ہیں۔ ایران کے ساتھ تعلقات کو بہتری کی اعلیٰ ترین سطح تک لیکر جانا چاہتے ہیں۔ جنگ کے دوران ہماری دعائیں اور ہمدردیاں ایران کے ساتھ تھیں‘اس موقع پر مریم نواز نے کہا  ایران نے بہادری سے جنگ لڑی، والد محمد نواز شریف بھی ہمیں ایران کے لئے دعا کرنے کا کہتے رہے۔ سٹڈی کے دوران خصوصی طور پر فارسی کا سبجیکٹ پڑھا تھا۔ ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے باہمی تعلقات متاثرکن ہیں۔ ایرانی حکومت اور عوام12روزہ جنگ کے دوران بھرپور حمایت پر پاکستانی لیڈرشپ اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں