غیر ملکی جہاز کے عملے کی بروقت امداد، صدر، وزیراعظم اور محسن نقوی کا پاک بحریہ کو زبردست خراجِ تحسین

غیر ملکی جہاز کے عملے کی بروقت امداد، صدر، وزیراعظم اور محسن نقوی کا پاک بحریہ کو زبردست خراجِ تحسین

بحیرۂ عرب میں فنی خرابی کے باعث پھنس جانے والے غیر ملکی تجارتی جہاز ایم وی گوتم کے عملے کو بروقت امداد فراہم کرنے پر ملک کی اعلیٰ سیاسی قیادت نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت، فوری ردعمل اور انسانی ہمدردی کو زبردست سراہا ہے۔

صدر مملکت  آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ  محسن نقوی  نے الگ الگ بیانات میں پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔صدرِ مملکت  آصف علی زردارینے بحیرۂ عرب میں پھنسے غیر ملکی جہاز کے عملے کی فوری امداد پر پاک بحریہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور بروقت کارروائی نے انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل ترین حالات میں بلا امتیاز انسانی خدمت پاک بحریہ کی اعلیٰ روایات اور ذمہ دارانہ کردار کا مظہر ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سمندر میں جان بچانے کے لیے قومیت سے بالاتر ہو کر مدد فراہم کرنا پاکستان کے انسان دوست تشخص کو اجاگر کرتا ہے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف   نے بھی بحیرۂ عرب میں کامیاب امدادی کارروائی پر پاکستان نیوی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آف شور جہاز ایم وی گوتم کی ہنگامی کال پر پاک بحریہ نے فوری اور مؤثر ردِعمل دیا۔ انہوں نے بتایا کہ عمان سے بھارت جانے والا جہاز فنی خرابی کے باعث کھلے سمندر میں پھنس گیا تھا، جس میں سات افراد سوار تھے جن میں چھ بھارتی اور ایک انڈونیشیائی شہری شامل تھے۔ وزیراعظم کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا جہاز پی ایم ایس اے کشمیر امدادی مشن کے لیے روانہ کیا گیا جس نے متاثرہ عملے کو خوراک، طبی امداد اور تکنیکی معاونت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کے ذریعے جہاز کے ضروری نظام کی بحالی اور عملے کی حفاظت یقینی بنائی گئی، اور پاکستان نیوی نے ایک بار پھر پیشہ ورانہ مہارت اور انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف   نے مزید کہا کہ پاکستان سمندری سلامتی اور انسانی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں عالمی سطح پر ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ پاکستان نیوی ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  نے بھی بحیرۂ عرب میں کامیاب امدادی کارروائی پر پاک بحریہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آف شور جہاز ایم وی گوتم کی ہنگامی کال پر پاکستان نیوی نے مؤثر اور فوری ردِعمل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فنی خرابی کے باعث عمان سے بھارت جانے والا جہاز سمندر میں پھنس گیا تھا جسے پاک بحریہ نے فوری امداد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ عملے کو خوراک، طبی امداد اور تکنیکی معاونت فراہم کرکے پاک بحریہ نے احسن انداز میں انسانی خدمت سرانجام دی، جبکہ امدادی مشن کے ذریعے جہاز کے ضروری نظام بحال کیے گئے اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا۔

 محسن نقوی  نے کہا کہ پاکستان نیوی نے ایک بار پھر پیشہ وارانہ مہارت، ذمہ داری اور انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے، اور یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان بحریہ سمندر میں ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار، متحرک اور پرعزم ہے۔

یہ امدادی کارروائی نہ صرف پاکستان نیوی کی تکنیکی صلاحیت اور فوری رسپانس کی غماز ہے بلکہ یہ پیغام بھی دیتی ہے کہ انسانی جانوں کا تحفظ سرحدوں اور قومیتوں سے بالاتر ایک عالمی ذمہ داری ہے، جسے پاکستان نے ایک ذمہ دار اور مہذب ریاست کے طور پر عملی شکل دی۔